
تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل 2025 کی فتح کا جشن ایک افسوسناک سانحے میں اس وقت تبدیل ہو گیا جب رائل چیلنجر بنگلورو کی جیت پر نکالی گئی ریلی کے دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں پرجوش شائقین ٹیم کی پہلی فتح کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکلے تھے۔ جشن کے دوران ہجوم بے قابو ہو گیا، اور زور دار دھکم پیل کے نتیجے میں کئی افراد زمین پر گر پڑے۔
عینی شاہدین کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مناسب سیکیورٹی اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید بگڑ گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے، جس نے سب کو غمزدہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:گلین میکسویل کا ون ڈے کرکٹ کو خیرباد
یاد رہے کہ رائل چیلنجر بنگلورو نے آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی، جس پر شہر بھر میں خوشی کا سماں تھا۔ تاہم یہ خوشیاں کچھ لمحوں میں افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گئیں۔
واقعے کے بعد بنگلورو پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ انتظامیہ پر غفلت اور ناقص انتظامات کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔