اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن تحلیل، شکیل شیخ عہدے سے برطرف
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے صدر شکیل شیخ کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا
پی سی بی نے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ کو عہدے سے فارغ کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے صدر شکیل شیخ کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسلام آباد کی تمام زونل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کو بھی برطرف کر دیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ریجن اور اس سے منسلک تمام زونز کے انتخابات کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں۔ مارچ 2023 میں ہونے والے یہ انتخابات اب غیر مؤثر تصور کیے جائیں گے۔ اس اقدام کی بنیاد 27 مئی کو انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈی کیٹر کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کو بنایا گیا ہے، جس میں ان انتخابات کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2025 اچانک ملتوی

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی کی جانب سے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں تمام منتخب عہدیداران کو فوری طور پر اپنے دفاتر خالی کرنے اور کام سے دستبردار ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد ریجن کی تمام زونل اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتظامی امور فوری طور پر بند کر دیے جائیں۔

پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد اسلام آباد ریجن کی کرکٹ سرگرمیوں میں وقتی خلل کا امکان ہے، تاہم بورڈ کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات اور عبوری انتظامات کے ذریعے معاملات کو جلد بحال کیا جائے گا۔ اس فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں مختلف ردعمل دیکھنے کو ملا ہے۔ بعض لوگوں نے اسے اصلاحاتی قدم قرار دیا ہے جبکہ کچھ حلقے اسے ذاتی مفادات کا ٹکراو بھی قرار دے رہے ہیں۔