کامران اکمل نے بابر اعظم کے والد کو کھری کھری سنا دیں
سابق پاکستانی کرکٹر کامران اکمل اور بابراعظم کے والد محمد اعظم صدیقی آمنے سامنے آگئے، ایک دوسرے پر تنقیدی نشتر چلا دیئے
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) سابق پاکستانی کرکٹر کامران اکمل اور بابراعظم کے والد محمد اعظم صدیقی آمنے سامنے آگئے، ایک دوسرے پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔

کامران اکمل نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو اب صرف ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے، آہستہ آہستہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ سے باہر ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے دونوں کی وائٹ بال ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی طویل فارمیٹ کیلئے زیادہ موزوں ہیں۔

بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے سابق کرکٹر کامران اکمل کے بیان پر ردعمل کے طور پر انسٹاگرام پر ایک پرانی تصویر شیئر کی۔ اس تصویر پر تنقیدی کیپشن لکھتے ہوئے انہوں نے ایک پرانے میچ کا حوالہ دیا جہاں پر بابر اعظم نے سنچری سکور کی جبکہ کامران اکمل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اعظم صدیقی نے ترک کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے بھائیوں کو ہابیل اور قابیل سے تشبیہ دی۔
 
جواب میں کامران اکمل نے اسی تصویر کو انسٹاگرام سٹوری پر ری پوسٹ کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ "اللہ آپ کو اور زیادہ کامیابی، عزت دے، ہر وقت خاموش رہنا مناسب نہیں ہوتا، خاص طور پر جب جھوٹی باتیں پھیلائی جا رہی ہوں، براہ کرم میرے متعلق بغیر حقائق کے کچھ بولنے یا پوسٹ کرنے سے پہلے سوچییں، میرے والدین نے سکھایا ہے کہ کسی سے حسد نہ کریں اور الحمدللہ میں نے اپنے ملک کی نمائندگی عزت و وقار کے ساتھ کی ہے۔
کامران اکمل نے مزید لکھا کہ ہر بات کی ایک حد ہوتی ہے اور آپ وہ حد کئی بار پار کر چکے ہیں لہذا حد میں رہیں اور اپنی عزت کو مت کھوئیں۔ انہوں نے کرکٹ کو ذاتی ایجنڈوں سے دور رکھنے اور کارکردگی کی بنیاد پر جانچنے کا مشورہ دیا۔