لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کا تاج تیسری بار اپنے سر سجا لیا
 لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پی ایس ایل کا تاج  تیسری بار اپنے سرسجا لیا۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
لاہور: (سنو نیوز) لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پی ایس ایل کا تاج تیسری بار اپنے سرسجا لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 202 رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کوشال پریرا نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ا ن کی اننگ میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، محمد نعیم نے 46، عبداللہ شفیق نے 41، بہانوکا راجا پکشے نے 14 جبکہ فخر زمان نے 11 رنز سکور کیے جبکہ سکندر رضا 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق، محمد عامر، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

 گلیڈی ایٹرز کے اوپنر اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، کوئٹہ کی پہلی وکٹ 17 رنز پر ہی گر گئی جب کپتان سعود شکیل 4 کے انفرادی سکور پر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، دوسرے اینڈ پر موجود فلن ایلن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 12 کے انفراد جبکہ 21 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

نئےآنے والے بلے باز ریلے روسو اور محمد نواز نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا تاہم روسو بھی 22 رنز پر ہمت ہار گئے، محمد نواز نے جارحانہ اننگ کھیلی اور 43 گیندوں پر 76 رنز بنا کر نمایاں رہے، اویشکا فرنینڈو 29، دنیش چندیمل 22 اور فہیم اشرف 8 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر اور ابرار احمد بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ خرم شہزادنے 3 گیندوں پر 2 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹرمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنزسے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، لاہور قلندرز دو بار جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔

پی سی بی حکام کے مطابق آج لاہور میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے پاک بحریہ نے خصوصی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔