فاتح ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے چمچماتی ٹرافی پیش کی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ رنگارنگ اختتامی تقریب کے دوران لاہور قلندرز کے تمام کھلاڑیوں کو صدر مملکت کی جانب سے گولڈ میڈلز بھی پہنائے گئے، جبکہ ٹیم کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے لاہور قلندرز کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش کیا اور ہدف کو بخوبی حاصل کیا، لاہور قلندرز کی فتح پوری قوم کیلئے خوشی کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کا تاج تیسری بار اپنے سر سجا لیا
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور ٹیم کو 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کیا۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی مسلسل اعلیٰ کارکردگی اور فائنل میں کامیاب حکمت عملی نے انہیں ایک بار پھر پی ایس ایل کی تاریخ میں ناقابلِ فراموش مقام دلا دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹیم نے ثابت کیا کہ محنت، نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ کسی بھی ہدف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔