تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش اسٹار اشعب عرفان نے فائنل میں ملائیشیا کے ڈنکن لی کو مسلسل تین گیمز میں شکست دی: 8-11، 10-12، اور 9-11۔ جس کے باعث انہوں نے بڑی کامیابی اپنے نام کر لی۔
مزید یہ کہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ اشعب عرفان نے آغاز سے ہی اعتماد اور مہارت کا مظاہرہ کیا، پورے مقابلے کے دوران حریف کھلاڑی پر دباؤ برقرار رکھا، اگرچہ ملائیشین کھلاڑی نے دوسرے اور تیسرے گیم میں سخت مزاحمت کی، لیکن اشعب کی بروقت چالیں اور فیصلہ کن لمحات میں عمدہ کھیل نے ان کی جیت کو یقینی بنایا۔
یہ فتح نہ صرف ان کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان کے اسکواش کے ماضی کے سنہری دور کی یاد بھی تازہ کرتی ہے، جب جہانگیر خان اور جان شیر خان جیسے عظیم کھلاڑی دنیا پر راج کرتے تھے، حالیہ سالوں میں پاکستان عالمی سطح پر اسکواش میں پیچھے رہا ہے، لیکن اشعب عرفان کی کارکردگی نئی امید کی کرن بن کر سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں ہانگ کانگ کی ٹوبی ٹسے نے جاپان کی رِسا سوگیموتو کو پانچ گیمز میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
یاد رہے کہ اشعب عرفان کی یہ جیت ان کے اعتماد اور عالمی درجہ بندی میں ترقی کی نوید ہے، اگلے بڑے PSA ایونٹس میں ان سے مزید فتوحات کی توقع کی جا رہی ہے۔