پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی
پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)10 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)10 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 8 میچز ملتوی کردیےگئے ہیں، پی ایس ایل کو موجودہ حالات کے تناظر میں ملتوی کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا، وزیر اعظم کی رائے میں موجودہ حالات میں تمام توجہ پاک فوج کی کوششوں پر ہونی چاہیے۔

بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی اور تمام کھلاڑیوں کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھی اظہار کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے شراکت داروں، فرنچائزز، لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کی کوششوں اور تعاون کو تسلیم کرتا ہے جس نے ٹورنامنٹ کے ہموار انعقاد کو یقینی بنایا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان سپر لیگ 10 کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 2025 کے ابتدائی 23 میچز 4 پاکستانی شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کامیابی سے کھیلے جا چکے تھے، تاہم بھارت سے سرحدی کشیدگی کے تناظر میں باقی ماندہ 8 میچز دبئی میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پی ایس ایل کی ٹیمیں اپنے بقیہ ماندہ میچز کھیلنے کے لیے آج رات دستیاب فلائٹ سے دبئی روانہ ہوں گی تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا۔