
پی ایس ایل 2025 کے ابتدائی 23 میچز 4 پاکستانی شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کامیابی سے کھیلے جا چکے تھے۔ تاہم بھارت سے سرحدی کشیدگی کے تناظر میں باقی ماندہ 8 مقابلے اب دبئی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے ۔
PCB کے اعلان کے مطابق بقیہ آٹھ میچز کے شیڈول پر تیزی سے کام جاری ہے اور نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ غیر ملکی کھلاڑی دستیاب پہلی پروازوں کے ذریعے دبئی روانہ ہوں گے جبکہ لیگ کے شیڈول میں 6 سے 7 روز کی تبدیلی کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سپر لیگ خطرے میں پڑ گئی
خیال رہے کہ یہ اقدام حفاظتی وجوہات اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ PCB کے سینئر حکام کا کہنا تھا کہ دبئی میں کھیل کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ٹورنامنٹ رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان جمعرات کو ہونے والا میچ ایک پیش آنے والے ڈرون حملے کے خدشے کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد میچز کے مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سابق پاکستانی کرکٹرز اور شائقین نے PCB کے بروقت فیصلے کو مثبت قرار دیا ہے۔ عوامی اور حکومتی حلقوں نے سلامتی کے پیشِ نظر اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کو محفوظ ماحول میں جاری رکھنا سیاسی کشیدگی سے بڑھ کر اہم ہے۔