
اس حوالے سے اہم اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس ایل انتظامیہ، تمام فرنچائزز کے نمائندوں اور سیکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس کے شرکا کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ خطے میں موجودہ کشیدگی اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پی ایس ایل کے بقیہ تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کیے جائیں گے۔
اجلاس میں غیر ملکی کھلاڑیوں اور فرنچائز مالکان نے کراچی منتقلی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ تمام میچ آفیشلز اور متعلقہ حکام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ فیصلہ بھارتی جارحیت کے باعث پاکستانی حدود میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کو یقین دلایا ہے کہ کراچی میں میچز کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق میچوں کی کراچی منتقلی کے باعث مقامی انتظامیہ کو اضافی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بغیر کسی رکاوٹ اور خوف کے اسٹیڈیم آسکیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز کی کراچی منتقلی سے نہ صرف ایونٹ کا تسلسل برقرار رہے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام بھی جائے گا۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کی نظریں اب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر جم گئیں جہاں کرکٹ کی رونقیں لوٹنے والی ہیں۔