
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 90 رنز کا ہدف چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل نے 42 جبکہ فن ایلن نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کی جو سلطانز کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی، محمد رضوان اور یاسر خان نے اننگ کا آغاز کیا لیکن یاسر خان5 کے انفرادی اور 7 کے مجموعے پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کپتان محمد رضوان 44 گیندوں پر 44 رنز بنا کر اننگ کے اختتام پر کریز موجود رہے لیکن دیگر بیٹرز میں سے کوئی بھی کریز پر کپتان کا ساتھ نہ نبھا سکا اور یکے بعد دیگر پویلین لوٹتے رہے اور اسامہ میر کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ یاسر خان5، کامران غلام 3، کیورٹس کیمفر 4، افتخار احمد6، ڈیوڈ ویلی 7، اسامہ میر 11، محمد حسنین2 اور عبید شاہ ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عثمان خان اور مائیکل بریسویل بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 جبکہ محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔