پی ایس ایل 10: عمر اکمل کا 9 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا
Sam Billings Fastest Fifty PSL
فائل فوٹو
راولپنڈی:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں لاہور قلندرز کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمر اکمل کا 9 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں سیم بلنگز نے صرف 19 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے۔ اس زبردست اننگز کی بدولت وہ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے بیٹر بن گئے۔

واضح رہے کہ یہ ریکارڈ اس سے قبل عمر اکمل کے پاس تھا، جنہوں نے پی ایس ایل کے پہلے سیزن 2016 میں 22 گیندوں پر ففٹی بنا کر قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ سیم بلنگز نے اب یہ اعزاز 3 گیندیں پہلے مکمل کر کے خود کے نام کر لیا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کا مجموعی ریکارڈ تاحال آصف علی اور رائلی روسو کے پاس ہے، جنہوں نے 17 گیندوں پر یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔ تاہم لاہور قلندرز کے تناظر میں یہ اب نیا ریکارڈ ہے۔

ذہن نشین رہے کہ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔ سیم بلنگز کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا اور شائقین کرکٹ کو ایک یادگار اننگز دیکھنے کو ملی۔