
لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 220 رنز کا ہدف دیا تاہم ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 140رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی اور اننگز کے آغاز میں ہی 9 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی تاہم کوشال مینڈس اور ریلے روسو نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور بالترتیب 28 اور 44 رنز کی اننگ کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل ایک، حسن نواز ایک، شعیب ملک 14، عقیل حسین 13 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے ، محمد عامر ایک ، ابرار احمد 6 اور فہیم اشرف 21رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ عثمان طارق 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے رشاد حسین نے 3، شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنز فخر زمان 39 گیندوں پر 67 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سیم بلنگز نے19 گیندوں پر نصف سنچری جڑ دی اور ناٹ آؤٹ رہے، عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37،37 رنز سکور کیے۔
قلندرز کے محمد نعیم 10،سکندر رضا 6 اور کپتان شاہین آفریدی 3 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر اور شعیب ملک کوئی وکٹ نہ لے سکے۔



