پاکستان نے لیورپول سکواش چیمپئن شپ جیت لی

فائل فوٹو
March, 30 2025
لیورپول:(ویب ڈیسک) پاکستان کے نور زمان نے لیورپول میں ہونے والی 15 ہزار ڈالر انعامی رقم والی سکواش چیمپئن شپ جیت کر ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا۔
نور زمان نے فائنل میں سکاٹ لینڈ کے روری سٹیورٹ کو شکست سے دوچار کیا، اور یہ جیت بغیر کسی گیم ڈراپ کیے حاصل کی۔
واضح رہے کہ 44 منٹ تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز کھیل میں نور زمان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ کا سکور گیارہ-نو، بارہ-دس اور گیارہ-آٹھ رہا۔
نور زمان کی اس شاندار جیت نے نہ صرف ان کے کیریئر میں ایک اور کامیابی کا اضافہ کیا ہے، بلکہ پاکستان کا نام بھی عالمی سطح پر روشن کیا۔ ان کی اس فتح نے پاکستان کی سکواش تاریخ میں ایک اور سنہری باب لکھا ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ جیت پاکستان کیلئے ایک بڑی کامیابی اور نور زمان کے عزم و حوصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس فتح پر ان کے مداحوں اور پاکستانی قوم کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔