
آئی سی سی نے مردوں میں بھارتی اوپنر بلے باز شبمن گل کو فروری کیلئے بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے جبکہ خواتین میں آسٹریلیا کی سپنر الانا کنگ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
خیال رہے کہ انڈین بیٹر شبمن گل نے انگلینڈ کیخلاف سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، شبمن نے فروری میں 406 رنز بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔
دوسری جانب خواتین کیٹیگری میں آسٹریلوی سپنر الانا کنگ نے پہلی بار آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا اعزازا پنے نام کیا ہے، انہوں نے فروری میں ایشیز سیریز کے دوران 9 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ماہ فروری کیلئے پلیئر آف دی منتھ نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
آئی سی سی نے مردوں میں بھارت کے شبمن گل، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس کو نامزد کیا تھا جبکہ ویمن کرکٹر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کیلئے آسٹریلیا کی الانا کنگ اور انابیل سدرلینڈ جبکہ تھائی لینڈ کی تھیپاتچا پتھاوونگ کی نامزدگی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پلیئر آف دی منتھ کا انتخاب کھلاڑیوں کی ماہ فروری کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔