
کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں میزبان ملک کی نمائندگی ایک شاندار روایت رہی ہے لیکن جے شاہ کی نمائندگی میں آئی سی سی شاید اپنی اس شاندار روایت کو چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں بھول گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی طبی وجوہات کی باعث دبئی نہ جاسکے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید فائنل میچ کے موقع پر دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی موجود تھے لیکن اس کے باوجود آئی سی سی نے انہیں اختتامی تقریب کے دوران پوڈیم پر مدعو نہیں کیا۔
کرکٹ کے حلقوں میں جہاں اس صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیار ہا ہے وہیں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔
شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت نے آج چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت لیا لیکن مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ ایونٹ کی اختتامی تقریب میں میزبان پاکستان کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔
سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟ یہ ایک عالمی سٹیج تھا، لیکن افسوس وہاں پی سی بی کا کوئی رکن دکھائی نہیں دیا، یہ دیکھ کر دل بہت افسردہ ہے ، میری سمجھ سے باہر ہے آخر ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟۔