
پی سی بی ڈیجیٹل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فخر زمان نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ایک ماہ میں ری ہیب مکمل کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کروں گا۔
انہوں نے اپنی انجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران جب درد محسوس ہوا تو مجھے اس بات کا اندازہ ہو گیا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے آئندہ میچز نہیں کھیل سکوں گا۔
بھارت کے ساتھ میچ سے متعلق انہوں نے کہا اگر میں اوپن کرتا شاید نتیجہ کچھ مختلف ہوتا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا، بڑے ہدف کے تعاقب میں پہلا پاور پلے اہم ہوتا ہے، اس پاور پلے میں اوپنرز کا کردار اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان؟
فخر زمان سے ڈریسنگ روم میں رونے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا جس پر ان کا کہنا تھا جب ٹیم اور قوم کو آپ سے توقعات ہوں اور آپ کچھ نہ کر سکیں تو دکھ ہوتا ہے، مجھے سے اس حوالے سے بہت سے لوگوں نے سوال پوچھے ہیں۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں طبیعت میں بہتری آئی ہے، ڈاکٹرز نے تین ہفتے مزید آرام کا مشورہ دیا ہے، امید ہے تین ہفتے بعد پریکٹس شروع کرسکوں گا، ایک ماہ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو جائے گی۔