فخر زمان کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان؟
Fakhar Zaman
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان ممکنہ طور پر ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں،فخر زمان نے اپنے قریبی افراد سے مشاورت کے بعد اس فیصلے پر غور شروع کر دیا ہے ، چیمپئنز ٹرافی 2025 کو ان کے آخری آئی سی سی ٹورنامنٹ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس وقت ون ڈے کرکٹ سے بریک لینا چاہتے ہیں اور ممکنہ طور پر اس فارمیٹ میں مزید حصہ نہیں لیں گے، ان کی صحت کی صورتحال اس فیصلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ فخر زمان ہائپر تھائراڈازم جیسے سنگین مرض سے صحت یاب ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے سبب وہ کرکٹ سے دور ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں تقریباً اڑھائی ماہ کا آرام تجویز کیا ہے تاکہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فخر زمان کی ریٹائرمنٹ کا امکان ان کے ذہنی دباؤ اور قومی ٹیم کی سلیکشن کے مسائل کے پیش نظر بھی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فیملی کو بیرون ملک منتقل کرنے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں، جس سے ان کے کرکٹ کیریئر پر مزید اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ فخر زمان 86 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

دوسری جانب ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ سے پاکستانی کرکٹ میں ایک بڑا خلاء پیدا ہو سکتا ہے،جس کے حوالے سے شائقین کرکٹ افسردہ ہورہے ہیں۔