
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ بھارتی ہاکی ٹیم پاکستان میں ہونے والے ہاکی میچز میں شرکت کیلئے تیار ہوگئی ہے،تاہم اب دونوں جانب سے حکومت کی اجازت درکار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں اہم قدم ثابت ہوگا، دونوں حکومتوں کی رضامندی کے بعد اس کی عملی شکل سامنے آئے گی۔
اس موقع پر طارق بگٹی نے مزید بتایا کہ جرمنی کی جونئیر ہاکی ٹیم 2 مارچ کو پاکستان پہنچے گی۔ جرمن ٹیم اسلام آباد میں 10 مارچ کو ایک میچ کھیلے گی، جبکہ 3 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ان میچز کا مقصد دونوں ممالک کے ہاکی کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور کھیلوں کی روح کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں روابط کی بحالی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی آ سکتی ہے اور کھیل کے ذریعے عوامی سطح پر رابطے بھی بڑھ سکتے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد پر رضامندی کو ایک مثبت قدم قرار دیا گیا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دیگر کھیلوں میں بھی تعاون کی راہیں کھلیں گی۔