نعمان علی کو ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار بولنگ کا صلہ مل گیا
پاکستان کے سپن باؤلر نعمان علی کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ میچز میں شاندار بولنگ کا صلہ مل گیا
قومی سپن باؤلر نعمان علی شاندار باؤلنگ کرنے بعد گیند ہوا میں لہرا رہے ہیں/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) پاکستان کے سپن باؤلر نعمان علی کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ میچز میں شاندار بولنگ کا صلہ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ فارمیٹ کی بولنگ رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق قومی سپن باؤلر نعمان علی ٹیسٹ فارمیٹ کے پانچ بہترین بولرز میں شامل ہوگئے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف دو ٹیسٹ میچز میں نعمان علی نے 16 وکٹیں اپنے نام کیں۔

نعمان علی کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایک اور قومی اسپنر باؤلر ساجد خان بھی دو درجے ترقی پا کر 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی دو درجے ترقی کے بعد 51 ویں پوزیشن پر آ گئے۔

آئی سی سی رینکنگ میں بھارت کے جسپرت بھمرا پہلے، آسٹریلیا کے پیٹ کمینز دوسرے نمبر پر رہے۔ جنوبی افریقہ کے ربادا تیسرے اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے جومیل واریکن نے 16 درجہ اوپر چھلانگ لگا کر کیریئر بیسٹ 25 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے اس سیریز میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔