
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر احسان اللہ رواں سیزن کے پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کرنے کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپریل اور مئی میں فاسٹ بولر احسان اللہ پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو میں جے ڈی ڈبلیو کیلئے کھیلیں گے،جبکہ مکمل فٹنس اور فارم میں دوبارہ واپسی کیلئے ملتان سلطانز کی سہولیات کا استعمال کریں گے۔
اس موقع پر علی ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملتان سلطانز اپنے کھلاڑی احسان اللہ کو اگلے سال پی ایس ایل میں واپس لانے کیلئے ان کے ساتھ تعاون اور کام کرے گی۔احسان اللہ ملتان سلطانز کی فاسٹ بولنگ کوچ کیتھرین ڈیلٹن کی سرپرستی میں لودھراں کی ملتان سلطانز اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احسان اللہ ہمارا اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں،ہم ان کے مکمل ٹھیک ہونے اور فارم بحال کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔احسان اللہ جیسے تیز بولنگ کرنے والے جنریشن میں ایک بار ہی پیدا ہوتے ہیں، انہیں تحفظ کی ضرورت ہے اور ملتان سلطانز عالمی سطح کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور پیدا کرنے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کیلئے پرعزم ہے۔
اس بارے میں فاسٹ بولر احسان اللہ نے کہا کہ ملتان سلطانز نے ہمیشہ ہی میرا ساتھ دیا ہے اور میں ان کی مسلسل سرپرستی کا بہت شکر گزار ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نوجوان کھلاڑی احسان اللہ نے پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کے دوران نظر انداز کیے جانے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا،تاہم غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور سوشل میڈیا صارفین کو بھی اپنے اس فیصلے سے آگاہ کر دیا۔