شان مسعود نے 27 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
File Photo
شان مسعود جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے واحد پاکستانی کپتان ہیں / فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار اننگز کھیل کر 27 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے اس میچ میں شان مسعود نے دوسری اننگز میں 145 رنز بنا کر تاریخی کارنامہ انجام دیا، پیر کو ختم ہونے والے اس میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی اور دو میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔

جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوئی۔ تاہم، دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار مزاحمت دکھائی اور 478 رنز بنائے جس میں شان مسعود کی 145 رنز کی اننگز سب سے نمایاں رہی۔

شان مسعود کی یہ اننگز جنوبی افریقا کی سرزمین پر کسی پاکستانی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، اس سے قبل 1998 میں جوہانسبرگ ٹیسٹ میں اظہر محمود نے 136 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

علاوہ ازیں شان مسعود جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں، ان سے پہلے جنوری 1995 میں سلیم ملک نے جنوبی افریقا کے خلاف 99 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو کہ پاکستانی کپتان کے جنوبی افریقہ میں بنایا جانا والا بڑا انفرادی سکور تھا۔

شان مسعود کی شاندار کارکردگی کے باوجود پاکستانی ٹیم اننگز کی شکست سے بچنے کے بعد میچ بچانے میں ناکام رہی۔ جنوبی افریقا نے 58 رنز کا آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

واضح رہے کہ شان مسعود کی اننگز پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ ہے، ان کی یہ کارکردگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔