آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپین شپ: پاکستانی ایتھلیٹ نے تاریخ رقم کردی
Pakistani athlete Khurram Khan
لاہور: (سنو نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر ٹائیپو میں ہونے والی آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپین شپ میں پاکستانی ایتھلیٹ خرم خان نے شاندار کارکردگی دکھا کر تاریخ رقم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ ایتھلیٹ نے اس عالمی مقابلے میں شرکت کرکے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر ٹائیپو میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں دنیا بھر کے 119 ممالک کے 6,000 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ خرم خان واحد پاکستانی تھے جنہوں نے اس چیمپین شپ میں اپنی شمولیت یقینی بنائی۔

یہ ٹرایتھلون ایونٹ تین مختلف اقسام کی مقابلوں پر مشتمل تھا جن میں 1.9 کلومیٹر کی سوئمنگ، 90 کلومیٹر کی بائیک رائیڈ اور 21.1 کلومیٹر کی دوڑ شامل تھی۔

خرم خان نے یہ مکمل سرکٹ 5 گھنٹے 32 منٹ اور 52 سیکنڈ میں مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی، یہ بڑی کامیابی ان کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

میگا ایونٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے خرم خان نے کہا کہ پاکستان کا پرچم پہلی بار آئرن مین ورلڈ چیمپین شپ میں لہرانا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہ ایک ایسا موقع تھا جس کے لیے میں نے کئی مہینوں تک انتھک محنت کی۔ واحد پاکستانی ہونے کی وجہ سے مجھے بے پناہ پذیرائی ملی اور دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے میری حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کی نمائندگی کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کریں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

 

خرم خان کی اس کارکردگی کو عالمی اور مقامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ ان کا یہ کارنامہ ان پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے جو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ خرم خان نے محدود وسائل کے باوجود عالمی چیمپین شپ میں اپنی جگہ بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ محنت، عزم اور جذبہ کامیابی کی کنجی ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف کھیلوں کے میدان میں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔