پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز حاصل کرنے والے نوح دستگیر بٹ نے ایشین کلاسک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاور لفٹنگ میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا، تاشقند میں سفارت خانے کی جانب سے نوح دستگیر بٹ کی شاندار کامیابی پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق، کونسلر جنرل ثاقب علی، میڈم طوبہ ہیڈ آف چانسری اور دیگر ایمبیسی آفیسرز سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں بھی شرکت کی۔ تقریب میں نوح دستگیر بٹ کا بھرپور استقبال کیا گیا اور ان کی جیت کو سراہا گیا۔
نوح دستگیر بٹ نے تاشقند میں ہونے والے ایشین کلاسک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور اور گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ نوح دستگیر بٹ پہلے پاکستانی لفٹر بن گئے ہیں جنہوں نے 400 کلوگرام وزن اٹھا کر نیا ایشیائی ریکارڈ قائم کیا۔
نوح دستگیر بٹ نے پہلے بھی پاکستان کے لیے کئی بڑے اعزازات حاصل کیے ہیں جن میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ، کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل اور جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل شامل ہیں۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق نے اس موقع پر نوح دستگیر بٹ کی کامیابی کو ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کھلاڑی قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی محنت اور لگن کی بھی تعریف کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوح دستگیر بٹ نے پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا ثمر ہے بلکہ یہ پاکستان کے کھیلوں کے شعبے میں بھی ایک نئی امید کی کرن ہے۔
بعد ازاں انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ نوح دستگیر بٹ آئندہ بھی ایسے ہی شاندار کارنامے انجام دیتے رہیں۔