رمیز راجا کو شان مسعود پر طنز کرنا مہنگا پڑ گیا
Shan Masood and Rameez Raja
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق چیئرمین اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود پر طنزیہ سوالات کا نوٹس لے لیا ہے۔

یہ واقعہ حالیہ میچ کے بعد پوسٹ میچ کانفرنس میں پیش آیا،جب رمیز راجا نے شان مسعود سے مسلسل شکستوں پر سوال کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں پوچھا ڈالا کہ چھ مسلسل شکستوں کا ریکارڈ کیسے بنایا؟

رمیز راجا آج کی جیت کے باوجود ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود پر طنز کرتے رہے جس نے نہ صرف شان مسعود کو ناپسندیدہ صورتحال میں ڈال دیا بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کو بھی مداخلت کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  پی سی بی نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور رمیز راجا کو آئندہ سیریز کے کمینٹری پینل سے باہر رکھنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ براڈکاسٹرز کی جانب سے رمیز راجا کو کمنٹری کیلئے ہائیر کیے جانے کے باعث پی سی بی براہ راست کارروائی نہیں کرپارہا،تاہم اس تنازعے کے باعث رمیز راجا کے مستقبل پر سوالیہ نشان ضرور لگ گیا ہے۔

شان مسعود بھی رمیز کے طنزیہ سوالات پر نالاں نظر آئے ہیں،جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ سابق کرکٹرز کو اپنے تبصروں میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ اس قسم کے معاملات کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔