بابراعظم کےبعد نیا کپتان کون؟ نام سامنے آگیا
babar azam mohammad rizwan and shaheen afridi
لاہور:(سنو نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کپتان بابر اعظم نے قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
 جس کے بعد نئے کپتان کے لیے محمد رضوان کا نام مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے منگل کی شب وائٹ بال ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا، جسے بورڈ نے منظور کر لیا ہے۔
 
بابر اعظم کی قیادت چھوڑنے کے بعد کرکٹ حلقوں میں محمد رضوان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کی سلیکشن کے معاملات میں بھی رضوان سے مشاورت کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو اس بات کی مزید تصدیق کرتا ہے کہ وہ کپتان بننے کے لیے سب سے زیادہ موزوں امیدوار ہیں۔
 
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بابر اعظم نے 15 نومبر کو ناقص کارکردگی کے بعد تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دیا تھا۔ اس وقت شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک سیریز کھیلی، جس میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 
اس کے بعد ٹی20 ورلڈ کپ کے قریب ایک بار پھر بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کی قیادت دی گئی تھی۔ تاہم ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابر اعظم نے اب وائٹ بال کی قیادت چھوڑ دی ہے۔ اس صورتحال کے بعد محمد رضوان کو نیا کپتان مقرر کیے جانے کی قوی امید ہے۔
 
محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم کا مستقبل کیا ہوگا، یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن اس وقت ٹیم کی قیادت کے لیے ان کا نام سب سے زیادہ سامنے آ رہا ہے، اور وہ اپنے تجربے اور کارکردگی کی بنیاد پر اس عہدے کے لیے موزوں ترین امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔