بابر اعظم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا؟
September, 4 2024
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو حالیہ کارکردگی پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق جھوٹی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔
بابر اعظم نے بنگلا دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں چار اننگز میں صرف 64 رنز بنائے، جس سے ان کی فارم پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کی کارکردگی کو لے کر مختلف میمز اور جھوٹے الزامات لگائے گئے، جن میں ان کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبریں بھی شامل ہیں۔
ان افواہوں نے پیر کے روز اس وقت زور پکڑا جب ایکس ڈاٹ کام پر دو مختلف پوسٹس وائرل ہو گئیں، جن میں سے ایک بابر اعظم کے ہم نام اکاؤنٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ دوسری پوسٹ میں ایک پیروڈی اکاؤنٹ سے "خدا حافظ، ٹیسٹ کرکٹ" کے پیغام کے ساتھ ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیا گیا تھا۔
یہ تمام پوسٹس مکمل طور پر بے بنیاد ثابت ہوئیں، اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
بابر اعظم نے تاحال کسی بھی قسم کی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے اور وہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی خدمات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بابر اعظم کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی پر نظر ڈالیں تو، انہوں نے اپنی آخری 10 اننگز میں محض 19 کی اوسط سے 190 رنز بنائے ہیں، جبکہ ون ڈے میں ان کی اوسط 34 تک گر گئی ہے۔ تاہم، ٹی20 کرکٹ میں وہ اب بھی 38 کی اوسط کے ساتھ تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے 2023 ء کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، لیکن 2024 ء کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انہیں دوبارہ بحال کیا گیا تھا۔
بابر کی کپتانی میں پاکستان کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 ءکے گروپ مرحلے میں ہی امریکا اور بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
بابر اعظم کی پرفارمنس اور ان پر ہونے والی تنقید کے باوجود، ان کے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔