ارشد ندیم نے نیرج چوپڑا کا ریکارڈ توڑ دیا؟
Image
پیرس:(ویب ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس میں دنیا بھر سے ہزاروں ایتھلیٹس تمغے جیتنے کی جستجو میں مصروف ہیں۔
 
پاکستان کے سات رکنی دستے کی قیادت کرنے والے جیولِن تھروور ارشد ندیم بھی ان مقابلوں میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔
 
پاکستانی عوام کی نظریں ارشد ندیم پر ہیں، خصوصاً اس وقت جب دیگر ایتھلیٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔
 
 سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کے بارے میں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے روایتی حریف، انڈین جیولِن تھروور نیرج چوپڑا کا 90 میٹر دور نیزہ پھینکنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
 
اس ویڈیو میں ارشد ندیم کو جیولن پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں ان کا نیزہ 90 میٹر کی دوری پر گرتا ہے۔
 
 
 تاہم، یہ ویڈیو دراصل 2022 ء کے کامن ویلتھ گیمز کی ہے، جہاں ارشد ندیم نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ 
 
یہ خبر جعلی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے 6 اگست سے شروع ہوں گے۔
 
اب تک ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا نے کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لیا ہے۔
 
 پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں دنیا کے مختلف ممالک سے 31 ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ 
 
پاکستانی عوام کو امید ہے کہ ارشد ندیم اس مرتبہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کریں گے۔