ٹی 20 ورلڈ کپ :جنوبی افریقا نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی
Image
نارتھ ساؤنڈ:(ویب ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ ،سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقا کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کی نقصان پر 176 رنز بنا سکی۔
 
جنوبی افریقا نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرکے امریکا کے بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھانا شروع کی تاہم اینڈریس گوس ان کی راہ کا پتھر بن گئے جنہوں نے دیکھتے ہی دیکھتے چھکوں چوکوں کی برسات کرکے میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور کوشش کی ۔
 
انہوں نے 47 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے برق رفتار 80 رنز بنائے او ر ناٹ آوٹ رہے ،ان کے مقابلے میں کوئی بھی بلے کریز پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا نہیں تو نتیجہ امریکا کی فیور میں آسکتا تھا ۔
 
امریکا کے چار بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔جنوبی افریقا کی جانب ربادا نے 3 جبکہ کیشو مہاراج،نورٹے اور تبریز شمسی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
 
اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقا نے ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی ہے۔

نارتھ ساؤنڈ کے سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں امریکا کے کپتان ایرون جونز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ 

جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدا میں ہی 16  کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری۔

اس کے بعد ڈی کک اور کپتان ایڈن مارکرم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 110 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بڑے ہدف کیلئے راہ ہموار کی۔
 
مقررہ 20 اوورز میں جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں کی نقصان پر 194 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کک 74 اور  ایڈن مارکرم 46 رنزبنا کر نمایاں رہے جبکہ کلاسن 36رنزبناکرناقابل شکست رہے۔
 
امریکا کے سوربھ نٹراواکر اور ہرمیت سنگھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ سپر8 مرحلے میں ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4،4 ٹیمیں شامل ہیں، گروپ ون میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش اور بھارت شامل ہیں جبکہ گروپ 2 انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اور ویسٹ انڈیز پر مشتمل ہے۔

سپر ایٹ مرحلے کے میچز آج سے 25 جون تک کھیلیں جائیں گے، دونوں گروپس میں شامل ٹیمیں 3،3 میچز کھیلیں گی اور ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔
 
امریکا نے پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں حصہ لیا ہے اور وہ سپر ایٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے،امریکا نے اپنے گروپ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر اپنا راستہ ہموار کیا جس کی وجہ سے پاکستان کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہوا۔