بابراعظم کی ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں کوئی جگہ نہیں:وریندر سہواگ
Image
لاہور:(ویب ڈیسک )سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے کہا ہے کہ ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی ۔
مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق جارح مزاج بھارتی اوپنر کاکہنا تھاکہ میں اس حوالے سے جو بھی با ت کرنے جارہا ہوں میں جانتا ہوں کہ میرے الفاظ سخت ضرور ہیں لیکن یہ سچ ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم کی ٹی20 فارمیٹ میں جگہ کے مستحق نہیں ہیں۔
 
وریندر سہواگ کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم کی پرفارمنس آج کی ٹی20 کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق نہیں، وہ ہمیشہ محفوظ شاٹس کھیلتے ہیں جبکہ کپتانی میں بھی انکے فیصلے صحیح نہیں ہوتے۔
 
ورلڈکپ ٹی 20 میں پاکستان کی جانب سے مایوس کن کارکردگی اور فرسٹ رائونڈ سے باہر ہوجانے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سا تھ ساتھ کپتان بابراعظم کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنا جارہا ہے، بابراعظم کی کپتانی سے لے کر ان کی بیٹنگ پر بھی سوالا ت اٹھائے جارہے ہیں۔
 
پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سینئر کرکٹرز کی جانب سے بابراعظم کی کپتانی کو کسی اور کھلاڑی سے تبدیل کرنے پر بھی مشورہ دیا جارہا ہے۔
 
اس سے قبل اپنی کپتانی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر اعظم نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں توقعات پر پورا نہیں اترے، میں ٹیم کا لیڈر تھا، ٹیم کی ناکام اور خراب پرفارمنس کو تسلیم کرتا ہوں۔
 
انہوں نے کہا کہ بورڈ کے چیئرمین سے جا کر ملاقات کروں گا،چیئرمین کولگتاہے کہ ٹیم میں سرجری کی ضرورت ہے تو ان سےبات کریں گے۔
 
 بابر اعظم نے کہا کہ قیادت چھوڑنا پڑی تو فیصلہ کروں گا، لیکن جو بھی کروں گا، سب کے سامنے کروں گا، ڈر کر نہیں کروں گا۔
 
انہوں نے کہا کہ پہلے مجھے لگا تو قیادت چھوڑ دی تھی، پھر بورڈ نے کہا اس لیے کپتانی قبول کی، اب بورڈ کہے گا تو کپتانی چھوڑ دوں گا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کا بیحد افسوس ہے شکست کا ذمہ دار کسی ایک کھلاڑی کو قرار نہیں دیا جا سکتا، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے۔
 
دوسری جانب گیری کرسٹن نے جاری ٹی20 ورلڈ کپ 2024 سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس لیول درست نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم مہارت کی سطح کے لحاظ سے بھی باقی دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے۔
 
گیری کرسٹن نے مزید کہا کہ اتنی کرکٹ کھیلنے کے باوجود کوئی کھلاڑی نہیں جانتا کہ کون سا شاٹ کیسے کھیلنا ہے اور کب کھیلنا ہے۔
 
سابق جنوبی افریقی کرکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب سے وہ شامل ہوئے ہیں، انہوں نے محسوس کیا ہے کہ اس ٹیم میں اتحاد نہیں ہے۔ گیری کرسٹن نے کہا کہ کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کرتے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ کئی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کے باوجود پاکستان ٹیم جیسی صورتحال پہلے نہیں دیکھی۔ 
 
گیری کرسٹن نے واضح طور پر کہا ہے کہ جو کھلاڑی ان مذکورہ بالا چیزوں کو بہتر کریں گے وہی ٹیم میں ہوں گے، بصورت دیگر انہیں باہر کردیا جائے گا۔
 
اتوار کو فلوریڈا کے لاڈر ہل کے سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے اپنے آخری میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
 
پاکستان کی امریکا سے شکست اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا مطلب یہ تھا کہ وہ سپر 8 سے قبل ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
 
آئرلینڈ کے خلاف جیت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان گروپ اے میں چار میچوں میں سے دو جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔