خواجہ سعد رفیق کا کاروانِ بیداری کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان
تحریک کا باقاعدہ آغاز نئے سال کے شروع میں کیا جائے گا، اس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کے مطابق انہوں نے نئی تحریک کے آغاز سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کاروانِ بیداری کا مقصد سیاسی و فکری سرگرمیوں کو آگے بڑھانا ہے، تاہم اس اقدام کو فی الحال نئی سیاسی جماعت کی تشکیل سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ ایک تحریک ہوگی، جس میں کسی مخصوص سیاسی جماعت تک محدود رہنے کے بجائے مختلف جماعتوں سے وابستہ افراد کو شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔
ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 125 سے زائد افراد اب تک کاروانِ بیداری کی رکنیت اختیار کرچکے ہیں، جبکہ مزید افراد کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ تحریک کو نئے سال کے آغاز پر باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا، جس کے بعد اس کی سرگرمیوں اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کر دی
سیاسی حلقوں میں خواجہ سعد رفیق کے اس اعلان کو ایک نئی سیاسی و فکری پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم تحریک کے منشور، تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ اہداف کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔