سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کر دی
تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ کی ٹیم آج صبح مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کرنے پہنچی، جہاں علاقہ مجسٹریٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کی کارروائی کے وقت مولانا فضل الرحمان کے گھر جانے والے راستوں پر پولیس اہلکار الرٹ رہے۔ رہائشگاہ کی جانب جانے والی گلی کو بھی ناکے لگا کر بند کردیا گیا، جبکہ اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
کارروائی سے پہلے مولانا فضل الرحمان کے اہلخانہ کو گھر خالی کرنے کیلئے 30 منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔ مہلت ملنے کے بعد اہلخانہ رہائشگاہ سے روانہ ہوگئے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے نے گھر کو سیل کردیا۔
سی ڈی اے نے 4 صفحات پر مشتمل آرڈر جاری کردیا، سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق گھر کے مالک امان اللہ کی رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے۔
کم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تندور مالکان کا 4 دسمبر سے ہڑتال کا اعلان
سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش نہ ہونے پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔