تندور مالکان کا 4 دسمبر سے ہڑتال کا اعلان
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل کے مطابق حکومت نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 1275 روپے مقرر کردی، جس کے بعد تندور مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آفتاب گل کا کہنا ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس نے رعایتی نرخوں پر آٹا رکھنے والے تندوروں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اب تک 8 تندور سیل کیے جاچکے ہیں۔
ان کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مہنگی ایل پی جی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے بھی کاروبار کو متاثر کیا ہے۔ موجودہ حالات میں 17 روپے میں روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ لاہور میں تقریباً 15 ہزار تندور موجود ہیں، جنہیں روزانہ 80 کلوگرام والے 15 ہزار آٹے کے تھیلوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت تندور مالکان کو رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کرے تاکہ عوام کو 17 روپے میں روٹی مہیا کی جاسکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 4 دسمبر سے روٹی پکانے اور فروخت کرنے کا سلسلہ بند کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ
دوسری جانب ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دے کر آٹے کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر روٹی کی سرکاری قیمت 30 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔