مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود گرفتار
ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے گھر سیل کرنے کے حکم کے بعد متعلقہ انتظامیہ اور علاقہ مجسٹریٹ پولیس نفری کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچے۔
انتظامیہ کی آمد کے بعد پولیس نے رہائشگاہ کی جانب جانے والے راستے بند کردیے اور علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے۔ کارروائی کے دوران اہلکار موقع پر موجود رہے، جبکہ انتظامیہ نے گھر سیل کرنے کی کارروائی مکمل کی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق انتظامیہ نے اہلخانہ کو گھر سے نکالنے کے بعد رہائشگاہ کو سیل کردیا۔
اس پیش رفت کے بعد سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جارہی ہے، جبکہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے بھی واقعے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کر دی
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سیل کرنے کے لیے انتظامیہ کی کارروائی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے دوران اہلخانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کی مہلت دیے جانے کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔
تاہم مولانا اسجد محمود کی گرفتاری اور رہائشگاہ سیل کرنے کے معاملے پر انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔