سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق احمد خان گورمانی انتقال کرگئے
ان کے انتقال کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
میاں طارق احمد خان گورمانی کافی عرصے سے علیل تھے اور زیرِ علاج تھے، طویل بیماری سے لڑنے کے بعد وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال پر اہل علاقہ اور عزیز و اقارب غمزدہ ہیں۔
میاں طارق احمد خان گورمانی نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز مقامی سطح سے کیا اور 1983ء سے 1999ء تک ضلع کونسل مظفرگڑھ کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے علاقے کی سیاست میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا اور مختلف سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے۔
1988ء کے عام انتخابات میں انہوں نے صوبائی حلقہ پی پی 214 مظفرگڑھ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا، جہاں وہ غلام مصطفیٰ کھر کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے۔
بعد ازاں 2002ء کے عام انتخابات میں میاں طارق احمد خان گورمانی نے حلقہ پی پی 252 مظفرگڑھ-II سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا اور 24 ہزار 728 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔ کامیابی کے بعد انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ
پنجاب اسمبلی کے 2002ء سے 2007ء کے دور میں انہیں 5 اگست 2003ء کو پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلی حیات مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی اور حکومتی یقین دہانیوں سے متعلق کمیٹی کے رکن بھی رہے۔