سینئر سیاستدان نوابزادہ محسن علی خان انتقال کرگئے
تفصیلات کے مطابق نوابزادہ محسن علی خان مسلم لیگ (ن) کے جلسے کی مہم کے سلسلے میں اپنے آبائی ضلع کرک میں موجود تھے، جہاں ان کے انتقال کی اطلاع سامنے آئی۔
نوابزادہ محسن علی خان کا شمار خیبر پختونخوا کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ وہ اپنے سیاسی کیریئر کے دوران چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ دو مرتبہ صوبائی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
مرحوم سابق وزیر داخلہ اور معروف سیاستدان اسلم خان خٹک کے داماد تھے۔ انہوں نے اپنے طویل سیاسی سفر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ وابستگی اختیار کی اور صوبائی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔
نوابزادہ محسن علی خان پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر بھی رہ چکے تھے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے بھی وابستہ رہے اور ان جماعتوں کے پلیٹ فارم سے سیاسی خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے لگے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس جاری
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔ مرحوم کی سیاسی زندگی مختلف جماعتوں سے وابستگی اور صوبائی سطح پر اہم عہدوں پر خدمات کے حوالے سے یاد رکھی جائے گی۔
تاحال ان کے انتقال کی وجوہات اور نماز جنازہ کے وقت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔