پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس جاری
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور صوبے کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت اہم معاملات زیر بحث ہیں۔
اجلاس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت متعدد ارکان قومی اسمبلی شریک ہیں، شرکا میں عاطف خان، سلیم الرحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، شہرام خان ترکئی، شہزادہ گستاسپ، محمد نواز خان، آصف خان اور علی اصغر خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ارباب شیر علی، سہیل سلطان، علی خان جدون، ساجد مہمند، شاہ احد اور بشیر خان بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور اڈیالہ جیل میں انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس کے شرکا پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کر رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور صوبے کو درپیش چیلنجز بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خدشات، صوبے کے مالی اور آئینی حقوق سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان اپنی لگژری رہائش چھوڑ کر مفتی محمود مرکز چلے گئے
اجلاس میں شریک ارکان کی جانب سے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اہم فیصلوں اور سفارشات سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔