فضل الرحمان اپنی لگژری رہائش چھوڑ کر مفتی محمود مرکز چلے گئے
ان کی یہ منتقلی سرکاری سیکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان رات گئے اسلام آباد سے پشاور روانہ ہوئے اور مفتی محمود مرکز پہنچے، جہاں موجود کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی سرکاری سیکیورٹی واپس لینے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔ اس صورتحال کے بعد انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کی اور پشاور منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔
جے یو آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی محمود مرکز میں قیام کا مقصد کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی اور سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان ہفتے کے روز پشاور ہائیکورٹ بار جائیں گے، جہاں وہ وکلا سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر مولانا فضل الرحمان، ان کے صاحبزادے اسعد محمود اور جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی وی وی آئی پی سیکیورٹی واپس لینے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کی پوری پلاٹون بھی واپس بلا لی گئی تھی، جبکہ پولیس کی خصوصی سیکیورٹی بھی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
سیکیورٹی کی واپسی کے بعد مولانا فضل الرحمان کی پشاور منتقلی سیاسی حلقوں میں اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔