لاہور: نوڈلز کھانے سے 2 کمسن بہنیں جاں بحق
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا (نوڈلز) کھانے سے دو کمسن بچیاں دم توڑ گئیں، جبکہ ان کی تیسری بہن تشویشناک حالت میں میو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
متاثرہ بچیوں کی والدہ نے بتایا تینوں بچیوں نے رات کے وقت نوڈلز کھائے تھے جس کے بعد اچانک ان کی طبیعت شدید بگڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھرمیں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع
حالت غیر ہونے پر بچیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تینوں بچیوں کو گزشتہ رات انتہائی تشویشناک حالت میں میو اسپتال لایا گیا تھا، تاہم حالت زیادہ خراب ہونے کے باعث دو بچیاں جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں۔
والدہ کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 4 سالہ جنت اور 6 سالہ ماہین شامل ہیں، جبکہ 11 سالہ ایشال اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔