جعلی نمبر پلیٹس لگانے والوں کی شامت آگئیں
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں مشکوک اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر ڈولفن سکواڈ نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے چار گاڑیوں کو تحویل میں لیا۔ ان گاڑیوں پر جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس نصب تھیں، جن کا مقصد مبینہ طور پر ای چالان سے بچنا تھا۔
کریک ڈاؤن کے دوران جعلی نمبر پلیٹس کے علاوہ بلیک لسٹڈ گاڑیوں، نامکمل دستاویزات رکھنے والی گاڑیوں اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ اکثر ٹیمپرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں جرائم کی وارداتوں میں استعمال ہوتی ہیں، جس کے باعث ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران قبضے میں لی گئی چاروں گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کروا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:طیاروں کے ایندھن، مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی کمی
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر صرف منظور شدہ نمبر پلیٹس لگائیں اور تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔