اڈیالہ جیل: عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق عمران خان نے اپنی لیگل ٹیم کو آئندہ عدالتی پیشی کے دوران صحت کے معاملات اٹھانے اور قانونی کارروائی کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم نے کوآرڈینیشن کانفرنس میں آئندہ پیشی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ اس سلسلے میں وکلا کو ہدایت کی گئی ہے کہ عدالت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت اور جیل میں حالات کا معاملہ اٹھایا جائے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان نے لیگل ٹیم کو اپنا بلڈ پریشر ہائی ہونے اور بینائی 85 فیصد تک متاثر ہونے کا دعویٰ عدالت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کے سیل میں سانپ، بچھو اور نامناسب حالات سے متعلق معاملات بھی اٹھانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ لیگل ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ کارروائی کے دوران مختلف قانونی نکات اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ حکمت عملی میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سردیوں کی عدالتی تعطیلات تک مؤخر کرانے کی کوشش بھی شامل بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حکمت عملی کا ایک مقصد کیس کی کارروائی کو طول دینا اور معاملے کو میڈیا میں نمایاں رکھنا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا، مگر یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا، بلاول بھٹو
تاہم ان دعوؤں اور مبینہ ہدایات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ عمران خان کی لیگل ٹیم کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا بھی باقی ہے۔