عمران خان سے ملاقات پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم جاری
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ جیل میں ملاقات کے دوران وکلاء خود کو صرف قانونی معاملات تک محدود رکھیں گے اور سیاسی امور پر گفتگو نہیں کریں گے۔ عدالت نے توقع ظاہر کی ہے کہ وکلاء سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ ملاقات کے بعد بھی سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔
حکم نامے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل بانی پی ٹی آئی سے دونوں وکلاء کی ملاقات کا انتظام کرائیں گے، جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔ عدالت نے دونوں وکلاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملاقات کے دوران صرف قانونی امور پر بات کریں گے۔
سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ اپیلوں پر دلائل دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ دوسری جانب سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اپیلوں پر دلائل دینے کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا دورانیہ کم ہونے کے باعث مزید مشاورت ضروری ہے۔
عدالت نے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا پمز ہسپتال میں طبی معائنہ
اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ دفتر کو ہدایت کی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں سے متعلق پیپر بکس سات روز میں تیار کی جائیں تاکہ مقدمے کی سماعت آگے بڑھائی جاسکے۔