حنیف عباسی کا ریلوے آمدن 160 ارب تک بڑھانے کا اعلان
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اسٹیشن کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ مسافروں اور ریلوے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عوام ایکسپریس کو اے اے انٹرپرائزز نے نجکاری کے عمل میں حاصل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اینکر ربیعہ احسن قتل کیس: بھائی نے مقدمہ واپس لے لیا
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دی اور کہا کہ عوام ایکسپریس پہلے ایسی حالت میں تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں کرتا تھا، تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کو کامیاب بنائیں گے اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی نجکاری کے بعد نئی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور ٹرین نجی شعبے کے تعاون سے سفر شروع کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور رواں سال اسے 160 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں جبکہ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے ورکشاپ لاہور، جو 15 سال سے بند تھی، اسے بحال کر دیا گیا ہے۔ 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں، تاہم ریلوے کے مسائل 31 دسمبر تک حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔