ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، دالبندین، بارکھان، موسیٰ خیل، نوکنڈی اور خضدار میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے پشاور، کوہاٹ، دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، کرم اور باجوڑ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، بھکر، لیہ، خوشاب، سرگودھا اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے تمام اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں نسبتاً گرم رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت خنکی برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 9، قلات میں 4 اور زیارت میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسمی تبدیلی کے پیش نظر بالائی اور پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔