ڈیلی ویجز ملازمین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی
تفصیلات کے مطابق کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور ادائیگی کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ دفتری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ آفس آرڈر میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں ہر ماہ مستقل ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ ہی پراسیس کی جائیں، تاکہ انہیں بروقت ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔
حکم نامے کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں متعلقہ پرنسپلز کی سفارشات کی بنیاد پر پراسیس کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے ادائیگی کا طریقہ کار بھی واضح کردیا گیا ہے تاکہ تنخواہوں کی تیاری اور منظوری کے مراحل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ پرنسپلز، فنانس سیکشن اور اسٹیبلشمنٹ اسسٹنٹ کو احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس فیصلے سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔ مستقل ملازمین کے ساتھ تنخواہوں کی پراسیسنگ سے ڈیلی ویجز عملے کو بھی ادائیگی کے حوالے سے زیادہ منظم نظام میسر آئے گا۔
حکام کی جانب سے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے طریقہ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔