لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، اعداد و شمار جاری
فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا،فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 268 جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 316 ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ ٹو میں فضائی آلودگی کی شرح 398، اقبال ٹاؤن میں 316، پیراگون سٹی میں 300، بیدیاں روڈ پر 299، برکی روڈ پر 288، ماڈل ٹاؤن میں 277، چمن پارک میں 270، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 243 جبکہ عسکری ٹین میں 197 ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور آلودگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 17 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے اور شہر میں بارش کی توقع نہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6، قلات اور زیارت میں 4، چمن میں 10 اور ژوب میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔