سردیوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک اور دن کے وقت دھوپ رہنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے دوران خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو سردی کا احساس زیادہ ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر صاف رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور دھوپ رہنے کی توقع ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی میں موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، البتہ پہاڑی علاقوں میں خنکی برقرار رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 4 ڈگری، زیارت میں 3 ڈگری جبکہ ژوب میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔