لندن جانے والے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری
قومی ایئرلائن کی برطانیہ کے لیے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت میسر آئے گی۔ اس اقدام کے تحت لندن کے لیے روزانہ پروازوں کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کی پروازیں بھی بحال ہو گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق 31 اکتوبر کو بوئنگ 787 لندن سے براہِ راست اسلام آباد پہنچے گا، جبکہ یکم نومبر کو یہی جدید طیارہ برمنگھم سے براہِ راست لاہور لینڈ کرے گا۔ طیارے میں دورانِ پرواز جدید تفریحی نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب برمنگھم کے لیے یکم دسمبر سے ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور دیگر مسافروں کو سفری سہولت حاصل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق چھ سالہ پابندیوں کے بعد پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کو وسعت دی جا رہی ہے۔ اسلام آباد سے ہفتہ وار 5 اور لاہور سے 2 پروازوں کے ذریعے فضائی رابطے کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
پی آئی اے میں جدید طیاروں کی شمولیت اور پروازوں میں اضافے کو قومی ایئرلائن کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔