پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے اراکین اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 14 اکتوبر 2026 کو اپنے جواب میں دسمبر میں شدید دھند اور سرد موسم، جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز دی تھی۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کے مؤقف کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ 20 اگست 2026 کو مشاورتی عمل مکمل ہونے کے دوران پنجاب حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم اب حکومت مجوزہ تاریخوں میں تبدیلی چاہتی ہے۔
کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ دفتر کو انتخابی پروگرام منظوری کے لیے فوراً پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی کریں: لاہور: سگنل پر کھڑی کار ٹرالر تلے دب گئی، خاندان کے 3 افراد جاں بحق
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے لیے مطلوبہ فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ یہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع اور متعلقہ حکام سے متعدد بار رابطہ کیا تھا اور وزیراعظم کو بھی خط ارسال کیا گیا، تاہم انتخابی عمل آگے بڑھانے کے لیے خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ دفتر کو ہدایت کی کہ انتخابی پروگرام فوری طور پر منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔
اس فیصلے کے بعد پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تاہم انتخابات کی حتمی تاریخوں کا تعین الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی پروگرام کی منظوری اور باضابطہ شیڈول کے اجرا کے بعد ہوگا۔
میٹا ڈسکرپشن: الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی اپریل 2027 میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز مسترد کردی، انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے اور ایک ہفتے میں متعلقہ افسران کی فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔