گورنر راج: شاہ فیصل الیاس احتجاجاً عہدے سے مستعفی
شاہ فیصل الیاس نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے تحت کیے جانے والے اقدامات کی آئینی اور قانونی حیثیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق غیر معمولی آئینی اقدامات کو صوبائی خودمختاری مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا فیصلہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور آئینی اصولوں سے وابستگی کا نتیجہ ہے۔ ان کے بقول سرکاری عہدے پر برقرار رہنا ان کے آئینی مؤقف اور پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی پولیس کی حفاظتی تحویل میں ہیں: خیبرپختونخوا پولیس
شاہ فیصل الیاس نے اپنے استعفے میں واضح کیا کہ ان کے اس اقدام کو متنازع حکومتی اقدامات کی قبولیت یا ان کے آئینی جواز کے اعتراف کے طور پر نہ لیا جائے۔
انہوں نے استعفے کو آئینی بنیادوں پر بطورِ احتجاج قبول اور منظور کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
شاہ فیصل الیاس کا یہ فیصلہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے باعث صوبے میں آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعلقات سے متعلق بحث مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
تاہم، شاہ فیصل الیاس کے استعفے کی باضابطہ منظوری سے متعلق تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔