شہباز شریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں وزیراعظم نے مولانا کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیراعظم کی دعوت قبول کرلی ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس رابطے میں خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ جاری تناؤ کم کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس موضوع پر تبادلہ خیال کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
سیاسی حلقوں میں وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان متوقع ملاقات کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور باہمی رابطوں سمیت مختلف امور پر گفتگو کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی اہم سیاسی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی جماعت قومی سیاست میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم کو کے پی میں گورنرراج سے گریز کا مشورہ
وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کی دعوت اور اس کی قبولیت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
تاہم متوقع ملاقات کی حتمی تاریخ اور ایجنڈے سے متعلق باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔